ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گنپتی خود کشی معاملے میں جارج ملوث نہیں: وزیرداخلہ جی پرمیشورنے دی کلین چٹ

گنپتی خود کشی معاملے میں جارج ملوث نہیں: وزیرداخلہ جی پرمیشورنے دی کلین چٹ

Sun, 10 Jul 2016 11:16:47  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو9؍جولائی(ایس او نیوز) وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے آج واضح کیا کہ ڈی وائی ایس پی ایم کے گنپتی کی خود کشی کے معاملے میں وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج ملوث نہیں ہیں۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ صرف آڈیو میں جارج کا نام شامل ہے، تاہم تحقیقات کے بعد حقائق منظر عام پر آئیں گے، اس معاملے کو سی آئی ڈی کے حوالے کردیا گیا ہے ، اور کل سے ہی تحقیقات شروع ہوگئی ہیں۔ حکومت نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ ملنے کے بعد خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ خود کشی سے قبل گنپتی نے ایک نیوز چینل کو دئے گئے انٹرویو میں کئی ناموں کا ذکر کیا ہے۔ اس معاملے پر بھی سی آئی ڈی کے ذریعہ تحقیقات جاری ہیں۔ سی آئی ڈی ٹیموں نے منگلور اور اڈپی پہنچ کر تحقیقات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ اور خود کشی کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہیں۔ اس معاملے پر انہوں نے اعلیٰ پولیس افسران سے بھی تبادلۂ خیال کیا ہے، پرمیشور نے بتایاکہ تحقیقات کے عمل میں حکومت مداخلت نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق ڈی وائی ایس پی گنپتی نے پرسوں مرکیرہ کے ایک لاڈج میں پھانسی لے کر خود کشی کرلی۔اس سے قبل ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اعلیٰ پولیس افسران پرنب موہنتی اور اے ایم پرساد کے علاوہ سابق وزیر داخلہ کے جے جارج کے ناموں کا حوالہ دیاتھا۔ اور بتایاتھاکہ اعلیٰ پولیس افسران کی ہراسانیوں سے وہ پریشا ن تھے، علاوہ ازیں جب کے جے جارج وزیر داخلہ تھے اس وقت انہوں نے بھی انہیں کافی تنگ کیاتھا۔ اس معاملے پر ریاست بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ کل آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد ریاست بھر میں احتجاجات کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہید سب انسپکٹر ملیکارجن بنڈے کی بیوہ کی موت سے متعلق انہوں نے بتایاکہ ناسازئی صحت کی بناء پر ان کی موت ہوئی ہے۔ محکمہ کے ذریعہ انہیں ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ ان کے بچوں کو حکومت کے ذریعہ تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔


Share: